کراچی کو ٹھیک کرنے کے لیے قابض پیپلز پارٹی کو فارغ کرنا پڑے گا: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ سندھ میں سیاسی جماعت نہیں مافیاز کی حکومت ہے، زرداری خاندان گاڈ فادرکی طرح حکومت میں بیٹھا ہے جہاں سندھ کے عوام کے ساتھ 13سال سے ظلم ہو رہا ہے لہٰذا کراچی کو ٹھیک کرنے کے لیے قابض پیپلز پارٹی کو فارغ کرنا پڑے گا۔کراچی میں وفاقی وزیر علی حیدر زیدی کے ہمراہ پریس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ 2023 میں سندھ میں پی ٹی آئی کی حکومت بنانے کے لیے کوششیں جاری ہیں، 2023 کے بعد یہ ڈاکو راج نہیں چلنے دیں گے اور 2023 میں سندھ میں پی ٹی آئی کی حکومت بننے جارہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سندھ کےحالات کو بہتر کرنا چاہتے ہیں، تمام قیادت سندھ کو مسائل سے نکالنے کیلئے کوشاں ہے۔ تحریک انصاف سندھ کے ہر گھر پر دستک دے گی اور 2023 میں صوبے میں حکومت بنا کر عوام کا احساس محرومی اور مسائل کا خاتمہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت بنانے کے لیے کوششیں جاری ہے اور حکومت سازی کے لیے مربوط انداز میں کام شروع ہو چکا ہے۔