شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی کے 6 یونٹس کو سیل

راولپنڈی پولیس اور متروک وقف املاک نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی کے 6 یونٹس کو سیل کردیا۔ متروکہ وقف املاک راولپنڈی کی جانب سے شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی کو سیل کرنے کا آپریشن صبح سویرے کیا گیا، آپریشن میں ایف آئی اے اور پولیس نے حصہ لیا۔ متروکہ وقف املاک کے مطابق لال حویلی کے ایک یونٹس کی رجسٹری کی تصدیق کے لئے حکام کو لکھا ہے۔ رجسٹری کی تصدیق پر سیل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا، سرکاری اراضی پر عرصہ دراز سے قبضہ کیا گیا تھا۔ بلڈنگز سیل کرتے ہوئے راولپنڈی پولیس کی بھاری نفری آپریشن میں شامل تھی۔ خیال رہے کہ متروکہ وقف املاک بورڈ نے شیخ رشید اور ان کے بھائی شیخ صدیق کو لال حویلی خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا تھا۔ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کی جانب سے شیخ رشید اور ان کے بھائی شیخ صدیق کو لال حویلی سمیت متروکہ وقف املاک کی 7 اراضی یونٹس سے بے دخلی کا نوٹس جاری کیا گیا۔ نوٹس میں کہا گیا تھا کہ زیر قبضہ اراضی یونٹس 7 دن میں خالی کریں ورنہ آپ کو بذریعہ پولیس بے دخل کر دیا جائے گا۔ جس کے بعد عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے متروکہ وقف املاک کی جانب سے لال حویلی کے خلاف کارروائی عدالت میں چیلنج کردی تھی۔ شیخ رشید نے راولپنڈی کے سول جج نوید اخترکی عدالت میں دائر اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ لال حویلی اور ملحقہ اراضی کیس ابھی زیر سماعت ہے، لال حویلی سے بے دخلی کا نوٹس اور کارروائی غیر قانونی ہے۔