وزیراعظم کی پشاور کی مسجد میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت

وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے پولیس لائنز پشاور کی مسجد میں خود کش دھماکے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔اس حوالے سے وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اللہ تعالی کے حضور سربسجود مسلمانوں کا بہیمانہ قتل قرآن کی تعلیمات کے منافی ہے اور اللہ کے گھر کو نشانہ بنانا ثبوت ہے کہ حملہ آوروں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گرد پاکستان کے دفاع کا فرض نبھانے والوں کو نشانہ بنا کر خوف پیدا کرنا چاہتے ہیں. لیکن دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم اور ادارے یکسو اور متحد ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے خلاف جنگ کرنے والوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے اور ناحق شہریوں کا خون بہانے والوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں امن وامان کی بگڑتی صورتحال پر جامع حکمت عملی اپنائی جائیگی اور وفاق کی جانب سے صوبوں کی انسداد دہشت گردی کی صلاحیت بڑھانے میں تعاون بھی کیا جائیگا۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کی جانب سے پولیس لائنز پشاور کی مسجد میں دھماکے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔اس حوالے سے رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ نمازیوں پر دشت گرد حملہ ایک سفاکانہ اور بذدلانہ فعل ہے. ان پر دہشت گرد حملے کی جتنی زیادہ مذمت کی جائے اتنی کم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پشاور پولیس لائنز مسجد واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں. وفاقی ادارے خیبر پختونخواہ حکومت کی مکمل معاونت کررہے ہیں.ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد انسانیت اور اسلام کے دشمن ہیں.پوری قوم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہی ، اپنے شہداءکو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔