مری میں شدید برفباری، ٹریول ایڈوائزری جاری کردی گئی

اسلام آباد: مقامی انتظامیہ نے شدید برف باری کے پیش نظر مری آنے والے سیاحوں کے لئے ٹریول ایڈوائزری جاری کردی ہے، سیاحوں کو ہل اسٹیشن مری اور دیگر پہاڑی علاقوں کا سفر کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ وقفے وقفے سے برف باری اور بارش کا سلسلہ جاری رہنے سے مری سے ایبٹ آباد جانے والی سڑکیں بند ہوگئیں جب کہ پاکستان بھر سے سیاحوں نے لطف اندوز ہونے کے لیے پہاڑی علاقوں کا رخ کرنا شروع کردیا ہے۔ مقامی انتظامیہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات کر رہی ہے، جو گزشتہ سال جنوری میں پیش آیا تھا جب برفانی طوفان کے دوران سڑکوں پر پھنس جانے کے بعد تقریباً دو درجن سیاح اپنی گاڑیوں میں جم کر ہلاک ہو گئے تھے۔ دریں اثنا، سیاحوں کی مدد کے لیے پہاڑی تفریحی شہر میں برف کے کیمپ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اضافی اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ جبکہ برف صاف کرنے کی مشینری بھی مصروف عمل تھی۔