پنجاب بجلی کی پیداوارکا چھیاسٹھ فیصد حصہ استعمال کررہا ہے،شہبازشریف لوڈشیڈنگ کے معاملے پرسیاست نہ کریں۔ قمرزمان کائرہ
وفاقی وزیر پانی و بجلی احمد مختار اور وزیراطلاعات قمر زمان کائرہ نے مظفرگڑھ میں تباہ ہونے والی بجلی کی ٹرانسمیشن لائن کی بحالی کےکام کا جائزہ لیا،متعلقہ حکام کی جانب سے وزراء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ طوفان کے باعث ٹرانسمیشن لائن کی تباہی سے اٹھارہ سومیگاواٹ بجلی سسٹم سے آؤٹ ہوگئی تاہم دن رات کی محنت کے بعد ایک ہزار میگاواٹ بجلی دوبارہ سسٹم میں شامل ہوگئی ہے۔اس موقع پر پریس کانفرنس کے دوران قمر زمان کائرہ نے کہا کہ وہ شہباز شریف سے زیادہ وفادار اور پرانے پنجابی ہیں، وزیراعلی پنجاب لوڈشیڈنگ کے معاملے پر سیاست نہ چمکائیں۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بجلی کی پیداوارکا چھیاسٹھ فیصد حصہ پنجاب استعمال کر رہا ہے مگر لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہروں میں نون لیگ کے ارکان بھی شریک ہوتے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاورکمپنیوں کو پچیس ہزار میٹرک ٹن تیل فراہم کیا جارہاہےکسی کی سپلائی کم نہیں کی، اس موقع پر وزیر پانی و بجلی احمد مختار نے کہا کہ ماہ مقدس میں بجلی کی کھپت میں اضافہ ہواتاہم اب لوڈشیڈنگ بتدریج کم ہورہی ہے۔