کمرشل بینک عید الفطر کے موقع پر نئے کرنسی نوٹوں کا اجراء یکم اگست سے کریں گے
ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق رمضان المبارک کے دوران نئے کرنسی نوٹوں کی فراہمی کیلئے کمرشل بینکوں کی دس ہزارسے زائد شاخوں کے وسیع نیٹ ورک سے استفادہ کیا جائے گا۔اس سلسلے میں اسٹیٹ بینک نے کمرشل بینکوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ بینکوں کی شاخیں یکم اگست سے ہرفرد اور کھاتے داروں کو دس روپے اوربیس روپے والے نئے نوٹوں کا صرف ایک ایک پیکٹ جاری کریں گی، ترجمان اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ بینک ،کارپوریٹ کلائنٹس کوزیادہ سے زیادہ نئے نوٹوں کے پانچ پیکٹس فراہم کرسکتے ہیں۔اسٹیٹ بینک کے مطابق بینکوں کی شاخیں عید الفطر سے قبل آخری کاروباری روز تک یا اسٹاک کے ختم ہونے تک بلاتعطل نئے کرنسی نوٹوں کی فراہمی جاری رکھیں گی۔