بیت اللہ شریف کا غلاف ’کِسوہ‘ تبدیل کر دیا گیا

غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب کے دوران مسجد الحرام میں بیت اللہ شریف کا غلاف تبدیل کر دیا گیا۔ خانہ کعبہ کو غسل دینے اور غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب کا اّغاز نمازِعشا کی ادائیگی کے بعد ہوا۔غلاف کعبہ تبدیل کرنے کی روح پرور تقریب نماز فجر تک جاری رہی۔ عرب میڈیا کے مطابق کسوہ فیکٹری میں تیار کیا گیا غلاف کعبہ مسجدالحرام پہنچایا گیا جہاں غلاف کعبہ کی تبدیلی میں ہرسال کی طرح ایک سو ساٹھ ماہر کارکنان نے حصہ لیا۔غلاف کعبہ کی تیاری میں 670 کلو ریشم، 120 کلو سنہری اور 100 کلو چاندی کا دھاگہ استعمال کیا گیا ہے۔دوسری جانب سعودی عرب میں مناسکِ حج کا اّغاز ہو گیا ہے۔ عازمین کے قافلے مکہ مکرمہ سے منیٰ پہنچ گئے ہیں۔مناسک حج کی ادائیگی کے لیے محدود پیمانے پر ایک ہزار عازمینِ حج منی پہنچے ہیں۔ فرض نمازوں کے علاوہ نفلی عبادات بھی کی جارہی ہیں۔سعودی وزارت صحت کی جانب سے پچاس عازمین حج کو ایک ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی سہولت دی گئی ہے۔ عازمین رات منیٰ میں گزارنے کے بعد فجر کی نماز ادا کرکے میدان عرفات روانہ ہو ئے جہاں انہوں نے حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا۔منی روانگی سے قبل احرام باندھے عازمین نے مسجد الحرام میں نوافل ادا کیے اور حرم میں سماجی فاصلہ اختیار کرتے ہوئے خانہ کعبہ کا طواف کیا۔