قوم نے مل کرکورونا کےخلاف جنگ کی ، اس کی مثال نہیں ملتی : یاسمین راشد

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کورونا کیسز میں بتدریج کمی ہو رہی ہے، قوم نے مل کر کورونا کے خلاف جنگ کی ہے، جس کی مثال نہیں ملتی ۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے عثمان ڈار کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم نے مل کر کورونا کے خلاف جنگ کی، اس کی مثال نہیں ملتی، پنجاب میں کورونا کیسز میں بتدریج کمی ہو رہی ہے،اوراب تک 19 اضلاع کورونا فری ہوچکے ہیں ۔ قوم کھڑی ہو جائے تو اللہ کہ مہربانی شامل ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور عثمان بزدار کا خاس طور پر توجہ صحت پر ہے،عمران خان نے پہلے دن ہی اپنی تقریب میں کہا تھا کہ ہم صحت کے حوالے سے بہتر سے بہتر سہولتیں دیں گے، 200 بستروں میں مشتمل مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کا پی سی ون منظور کر لیا گیا ہے ۔ رواں سال پنجاب بھر میں 7 ماں اور بچہ ہسپتالوں کی تعمیر شروع ہوگی، پنجاب میں صحت کی سہولیات کو بہتر کرنا ہے، جب ذمہ داری سنبھالی تو 50 فیصد ڈاکٹروں، پروفیسرز کی نشستیں خالی پڑی تھیں، ہم نے 28 ہزار نئے ملازمین رکھے جس میں ڈاکٹر، پروفیسرز، نرسز اور دیگر طبی عملہ ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاکہ ہم نے ڈاکٹروں اور نرسوں کی تنخواہیں بڑھائیں، خالی اسامیوں بھرنے سے لوگوں کو صحت کی سہولیات میسر آئی، 50 لاکھ صحت سہولت کارڈ لوگوں کو مل چکے ہیں، جب 72 لاکھ خاندانوں کو صحت کارڈ ملے گا تو ڈھائی سے 3 کروڑ لوگ مستفید ہونگے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں مسلسل نئے کورونا کیسز اور اموات میں کمی ہو رہی ہے، مئی کے بعد سے کورونا کے سب سے کم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹرکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے 32 افراد جان سےہاتھ دھو بیٹھے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 5 ہزار924 ہوگئی، ملک میں کورونا کے2 لاکھ 77 ہزار402 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں ۔ پاکستان میں ایکٹیو کیسز کی تعداد25ہزار 347 ہوگئی۔ جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1114نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔