اپوزیشن کی صفوں میں بہت الجھاؤ ہے، عوام ان کے ساتھ نہیں ہیں، فیصل جاوید

اسلام آباد : پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ بلاول زرداری کس اتحاد کی بات کرتے ہیں جبکہ اپوزیشن کی صفوں میں خود بہت الجھاؤ ہے۔ یہ بات انہوں نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے حالیہ بیان پر اپنے رد عمل میں کہی، انہوں نے کہا کہ آج فضل الرحمان کے بھائی نے اپوزیشن سے علیحدگی کا اعلان کردیا، اپوزیشن جماعتوں کی صفوں میں بہت الجھاؤ ہے، بلاول بھٹو کس اتحاد کی بات کرتے ہیں۔ سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ یہ پہلے بھی دھوکا کھاچکے ہیں جب جے یوآئی آزادی مارچ کے نام پر اسلام آباد میں اکیلے ہی کنٹینر لے کر آگئی تھی، اس وقت پی پی اور ن لیگ کے رہنماؤں نے سیلفیاں لیں اور چلے گئے، عوام ان کے ساتھ آج بھی نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت نے کلبھوشن کو این آر او دے دیا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی کیخلاف قرارداد لےکر آئیں گے، ہم ایک ترمیم لے کر آئے تھے، حکومت چاہتی ہے اپوزیشن کچھ نہ بولے۔