مریم اورنگزیب نے ڈیجیٹل میڈیم ویوٹرانسمیٹر منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا
ریڈیو پاکستان روات پہنچنے پر وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب کا پرتپاک استقبال کیا گیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کاکہنا تھا کہ ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی ملک کا اثاثہ ہیں، ریڈیو پاکستان کا آرکائیو ڈیجیٹل ہوگیا ہے اور یہ جدید ٹرانسمیٹرڈیجیٹل ریڈیو مونڈیال ٹیکنالوجی پر مبنی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعظم جلد افتتاح کریں گے، اس جدید ٹرانسمیٹر کی تنصیب سے33فیصد بجلی کی بچت ہوگی، ریڈیو پاکستان کے20 سے14میڈیم ویو اپنی عمر پوری کرچکے تھے۔ مریم اورنگزیب نے بتایا کہ ٹرانسمیٹر راولپنڈی کے نواحی علاقے روات میں نصب ہوگا جس کی تکمیل دو سال میں ہوگی ، اب ریڈیو پاکستان کی آواز اورنشریات52سےزائد ممالک تک سنی جاسکے گی۔ بین الاقوامی ادارے ڈی آر ایم کنسورشیم نے بھی ریڈیو پاکستان کو 75 سال کے بعد ANALOGE ٹیکنالوجی سے ڈیجیٹل ٹکینالوجی پر منتقل کرنے کے حکومت پاکستان کے فیصلے کو سراہا ہے۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری اطلاعات سہیل علی خان، ڈائریکٹر جنرل ریڈیو طاہر حسن سمیت وزارت اطلاعات کے افسران اور صحافیوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔