اقتدار ملا تو ملکی ادارے ٹھیک کرکے ترقی کا سفر شروع کریں گے،چیئرمین تحریک انصاف عمران خان
اسلام آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا نواز شریف اور آصف زرداری نے قرضوں کی انتہا کردی، گزشتہ دس سالوں کے دوران 6 ہزار ارب سے 27 ہزار ارب روپے قرضہ چڑھ گیا، ہمارے پاس کون سا اثاثہ ہے جس سے قرضہ اتاریں گے؟ لیکن اب عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کریں گے، اس ملک سے ڈبل ٹیکس اکٹھا کرکے دکھاؤں گا، عمران خان کا کہنا تھا ٹکٹس دینا بہت بڑا مرحلہ تھا، تین ہفتے بہت مشکل سے گزارے، بشری بیگم نے مجھے کہا ان تین ہفتوں میں انہوں نے مجھے بوڑھا ہوتے دیکھا، ان کا کہنا تھا جن کو ٹکٹس نہیں ملے انہیں کہنا چاہتا ہوں آپ کی خدمات کہیں اور لی جائیں گی، عمران خان کا کہنا تھا اقتدار میں آکر نیب اور ایف بی آر جیسے اداروں کو بہتر کریں گے، جب وزیراعظم اور وزراء کرپشن ختم کریں گے تبھی ملک سے کرپشن ختم ہوگی۔