پکی یاری سب پر بھاری، گرے لسٹ کی بازگشت پر دوست ملک چین پاکستان کی حمایت میں اتر آیا
چین پاکستان کی حمایت میں نکل آیا، عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف پاکستانی حکومت اور عوام کی قربانیوں اور کوششوں کو مکمل طور پر تسلیم کرے , چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لو کینگ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں نے نا صرف چین بلکہ عالمی برادری کے کئی ممالک کا دل جیت لیا ہے۔ ہمیں ہمیشہ ہی سے اس بات کا یقین ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستانی حکومت اور عوام کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، عالمی برادری کو یقیناً ان قربانیوں اور کاوشوں کو مکمل تسلیم کرنا اور اعتماد دینا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین ہر قسم کے حالات میں اسٹریٹجک پارٹنرز ہیں، دہشت گردی کے خلاف میدان میں تعاون جاری رکھنے کا خواہشمندہیں، چینی ترجمان نے امید ظاہر کی کہ تمام ممالک تنقید اور دباؤ کے بجائے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں کو غیر جانبدارانہ اور حقیقی معنوں میں سراہیں گے۔