(ن)لیگ میں قیادت کے لئے چچا بھتیجی کی لڑائی ہورہی ہے:وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری
وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ (ن)لیگ میں قیادت کے لئے چچا بھتیجی کی لڑائی ہورہی ہے،شہباز شریف کی حیثیت رفیق تارڑ کی سی ہو گئی ۔لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ شہباز شریف کبھی بحران کے لیڈر نہیں تھے، مریم نواز نے شہباز شریف کی قیادت پر شب خون مارا، (ن)لیگ میں اب قیادت کے لئے لڑائی ہورہی ہے، چچا بھتیجی آپس میں لڑ رہے ہیں، شہبازشریف کا پارٹی میں اب کوئی پوچھتا نہیں ، ان کی حیثیت رفیق تارڑ کی سی ہوگئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم سے ملاقات کرنے والے (ن) لیگی اراکین کی فہرست جلد منظر عام پرلائی جائے گی، جس نے مریم نواز کی بات مان کر سیاست کی اس کا بیڑہ غرق ہوگیا، مریم نواز کی بات سن کر چلنے والے آج کہاں ہیں، مریم نواز نے اپنے والد کو پہلے اقتدار سے نکلوایا اور پھر جیل بھجوایا، طلال چوہدری اور دانیال عزیز کہاں ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن ٹوٹ رہی ہے، اچھی خبروں کا آغاز ہو گیا ہے، مشکل وقت گزر گیا، عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں کوئی قیادت اور ذہانت نہیں ہے اس لیے پارٹی ٹوٹ کر بکھر رہی ہے جب کہ کل گوجر خان میں چند لوگوں کا اجتماع تھا اور بلاول وہاں خطاب کرنے چلے گئے۔ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ میرا نہیں خیال اپوزیشن سینیٹ چیئرمین کی تبدیلی کا رسک لے گی۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی بات کو مان کر سیاست کرنے والوں نے اپنا بیڑا غرق کیا، دانیال عزیز کا پتا کریں اب کدھر ہیں، جو لوگ حلقے کی سیاست کرتے ہیں وہ زمینی حقائق کو دیکھ کر سیاست کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اپوزیشن کے لیڈر ہی نہیں ہیں، خواجہ آصف نے کہا کہ میں مریم نواز کے موقف کی تائید کرتا ہوں، شہباز شریف کا کوئی بیانیہ نہیں، مریم نواز کا بیانیہ ہے۔ممالک سے تعلقات سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ جلد پاکستان آرہے ہیں، بھارت سے بھی اب ہمیں مثبت رسپانس ملے گا جب کہ قندھار میں ایک کاسمیٹکس یونیورسٹی اور کابل میں معدنیات کی ایک یونیورسٹی بنانے کی بھی پیش کش کی ہے۔