کرکٹ ورلڈکپ؛ انگلینڈ کا بھارت کو جیت کیلئے 338 رنز کا ہدف
کرکٹ ورلڈکپ کے 38 ویں میچ میں میزبان انگلینڈ نے بھارت کو جیت کے لیے 338 رنز کا ہدف دیا ہے۔
برمنگھم کے ایجبیسٹن گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو جیسن روئے اور جونی بیرسٹو نے اننگز کا دھواں دھار آغاز کیا۔دونوں اوپنرز نے ابتدا سے ہی جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور پہلی وکٹ پر 160 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔جیسن روئے 66 رنز بنا کرکلدیپ یادیو کا شکار بنے جس کے بعد 205 کے مجموعے پر جونی بیرسٹو بھی 111 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، 109 گیندوں پر مشتمل اننگز میں بیرسٹو 6 چھکے اور 10 چوکے لگائے۔کپتان اوئن مورگن کے آؤٹ ہونے کے بعد جوئے روٹ اور اسٹوکس نے شاندار کھیل پیش کیا جس کی بدولت انگلش ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے۔