عمران خان شریف سیاست دان,پاکستان کرپٹ مافیا اورمنی لانڈرنگ کرنے والوں کیلئے سیاسی قبرستان بنادیں گے:شیخ رشید
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ساری اپوزیشن جانتی ہے کہ پاک فوج عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،نواز شریف کی گرفت پارٹی پر زیادہ مضبوط ہے تاہم مسلم لیگ(ن)کے 9 ایم این اے تیار ہیں جو 20 بھی ہوسکتے ہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جانتی ہے کہ پاک فوج عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، عوام عمران خان پر اعتماد کرتے ہیں، ٹیکس دینا شروع کردیں گے، جو کہتے تھے بجٹ پاس نہیں ہوگا بجٹ پاس ہوگیا ہے اور میں تسلیم کرتا ہوں کہ غریب کے لئے مشکلات ہیں، ڈالر جتنا بڑھا ہے اتنا نہیں بڑھنا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ 10 برسوں میں نواز شریف، شہباز اور زرداری پارٹی نے اس ملک کو لوٹا، یہ الٹے لٹک جائیں گے پیسے نہیں دیں گے، کسی کو الٹا نہیں لٹکانا چاہیے پیار محبت سے پیسے لینے چاہئیں، پاکستان کرپٹ مافیا اورمنی لانڈرنگ کرنے والوں کیلئے سیاسی قبرستان بنادیں گے۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہاتھ ہوگیا ، یہ سارے لوگ بے وقوف ہیں جلسہ کررہے ہیں، کوئی آئے یا جائے عمران خان کو کوئی فرق نہیں پڑتا، عمران خان شریف سیاست دان ہے،کبھی توڑپھوڑ نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی گرفت پارٹی پر زیادہ مضبوط ہے ،مرکز میں اس وقت9 ممبر جوگر پہن کر پی ٹی آئی میں شامل ہونے کو تیار بیٹھے ہیں جو 20 بھی ہوسکتے ہیں، شہباز لیگ اور نواز لیگ الگ الگ پارٹی ہیں، شہباز شریف کی بھتیجی نے (ن) لیگ پر قبضہ کر لیا ، اب میثاق جمہوریت نہیں مذاق جمہوریت بن گیا۔انہوں نے قبضہ گروپ کو تنبیہ کی کہ وہ نوے دن کے اندر ریلوے میں پیسے جمع کرا دیں۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی کو سیاسی سودے بازی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو چیئرمین بننا اور بنانا آتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ فریٹ کی 6 ٹرینیں شروع کی جائیں گی اور فریٹ کا شعبہ کراچی منتقل کر دیا جائے گا۔