وزیراعظم صاحب! ڈنڈے سے ٹیکس نہیں لیا جا سکتا، بلاول بھٹو
اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے واضح طور پر کہا ہے کہ وزیراعظم صاحب! ڈنڈے سے ٹیکس نہیں لیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام کو حکومت اورعمران خان پر اعتماد نہیں ہے۔ قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کی تقریر کے بعد زرداری ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ بجٹ میں امیروں کو فائدہ دیا گیا ہے اور غریب کا نہیں سوچا گیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کا بجٹ گنتی کے بغیر پاس کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام سننا چاہتے ہیں کہ مہنگائی اور بیروزگاری میں اضافہ کیوں ہوا؟.وزیراعظم پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ وزیراعظم صاحب! صرف لیکچر دینے سے کچھ نہیں ہوتا، یہ منافقت ہے۔ انہوں ںے الزام عائد کیا کہ حکومت نے پورے بجٹ سیشن میں عوام کی توہین کی ہے۔