دکانداروں سے 40 ارب ٹیکس لیں گے، ایگریکلچر انکم پر ٹیکس لگانے کا اختیار ہمارے پاس نہیں: وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ہم دکانداروں پر انکم اور سیلز ٹیکس دونوں فکس کر رہے ہیں، دکانداروں سے 40 ارب روپے ٹیکس لیں گے، آئی ایم ایف نے شرح سود میں اضافے کا نہیں کہا،21 بلین ڈالرز ہم نے واپس کرنے ہیں، پہلا کام ملک کو ڈیفالٹ میں جانے سے بچانا تھا، لوگوں نے میرے اوپر میمز بنائے، ایگری کلچر انکم پر ٹیکس لگانے کا اختیار صوبوں کے پاس ہے، وفاقی کے پاس نہیں ہے۔نجی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت آج نہیں بڑھے گی، ہم دکانداروں پر انکم اور سیلز ٹیکس دونوں فکس کر رہے ہیں، دکانداروں سے 40 ارب روپے ٹیکس لیں گے، 30 لاکھ دکانوں کو اس سسٹم میں لے کے آ رہے ہیں، فکس ٹیکس چھوٹی دکانوں کیلئے ہے۔
مفتاح اسماعیل نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ترین صاحب تو 400 ارب روپے کی سبسڈی چھوڑ کے گئے تھے مجھے تو وہ بھی نہیں ملے، ہم 5 سے 10 لاکھ نئی دکانوں کو ٹیکس نیٹ ورک میں لے کے آئیں گے، بہت سارے دیگر سیکٹرز کو بھی ہم ٹیکس نیٹ ورک میں لے کر آئیں گے، ملک کے ریونیو میں 33 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے، آئی ٹی ایکسپورٹ پر سیلز ٹیکس 0.25 فیصد ہے۔