پارلیمانی نظام کے عالمی دن پر صدرمملکت عارف علوی کاپیغام

دنیا بھر میں آج پارلیمانی نظام کا عالمی دن منایا جارہا ہے ، اس حوالے سے صدر مملکت عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پائیدار ترقی اور بنیادی انسانی حقوق کے فروغ کیلئے دنیا بھر کی پارلیمانوں پر خصوصی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی نظام کا عالمی دن منانے کا مقصد پبلک پالیسی کی تشکیل کے دوران عوامی امنگوں کی ترجمانی کرنے اور ان کے احساسات کو پبلک پالیسی کا حصہ بنانے میں پارلیمان کے مرکزی کردار کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی پارلیمنٹ بھی مساوات پر مبنی پائیدار مستقبل کی تعمیر اور پالیسی سازی میں عوامی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کررہی ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پارلیمنٹ کے ان اقدامات کی وجہ سے پاکستانی قوم کو درپیش انتہائی اہمیت کے موضوعات پر قانون سازی کی جاتی ہے ، پاکستان کی پارلیمنٹ ریاست کا ایک بنیادی ستون ہے اور قوم کو درپیش مسائل کے ازالے کا حتمی فورم ہے۔