اپوزیشن کے بہت سارے ارکان اڑان بھرنےکو تیار بیٹھے ہیں: مریم نواز
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر اپوزیشن کے ردعمل پر بیان سامنے آیا ہے۔ایک بیان میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کوایک بارپھربحرانوں میں دھکیلنے والوں کو لینے کے دینے پڑگئے، پنجاب کے مینڈیٹ کو دھاندلی سے ہتھیانے کی کوشش کرنے والے اب انتخاب روکنے پر بضد ہیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ اُن کے اپنے بہت سارے ارکان اڑان بھرنےکو تیار بیٹھے ہیں، انہیں حکومت ختم کرتے ہی اپنی گنتی پوری کرنےکے لالے پڑگئے، مینڈیٹ چھیننا، فرح، بزدار، پیرنی اور منی گالہ گینگ کے ذریعے پنجاب کے پیسے اور وسائل پر ڈاکے ڈالنا، پنجاب کے عوام کے لیے مشکلات پیدا کرنا اور اب پنجاب کے عوام کا حق ان کو نہ لینے دینا، پنجاب کے خلاف فتنہ خان کے جرائم کی فہرست طویل ہے۔