صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فنانس بل 2022 کی منظوری دے دی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فنانس بل 2022 کی منظوری دے دی۔صدر مملکت نے فنانس بل کی منظوری آئین کے آرٹیکل 73 اور 75 کے تحت دی۔گزشتہ دنوں قومی اسمبلی میں فنانس بل 23-2022 کی منظوری دی گئی تھی جس میں تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ فنانس بل میں حکومت کی جانب سے 24 جون کو متعارف کرائی گئی ترامیم کو بھی شامل کیا گیا تھا، بل میں متعارف کرائے گئے نئے اقدامات میں امیروں پر سپر ٹیکس اور بڑے صنعت کاروں کے لیے مقررہ ٹیکس شامل ہے۔گزشتہ سال کے برعکس رواں سال بل کی منظوری میں کوئی مخالفت نہیں کی گئی جبکہ کار ڈیلرز، جیولرز اور دیگر بڑے ریٹیلرز ماہانہ 2 لاکھ روپے مقررہ ٹیکس ادا کریں گے اور چھوٹے ریٹیلرز بجلی کے بلز کے مطابق 3 سے 10 ہزار روپے کے درمیان مقررہ نرخ پر ٹیکس ادا کریں گے۔