موجودہ دور میں میڈیا کے ساتھ تسلسل کے ساتھ رابطہ ضروری ہے۔ تہمینہ جنجوعہ

دفتر خارجہ میں پاکستان کی نئی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کے ساتھ میڈیا کی تعارفی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ترجمان دفتر خارجہ محمد نفیس ذکریا بھی موجود تھے جبکہ بڑی تعداد میں میڈیا کے نمائندوں نے نشست میں شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ وہ 33 سال سے فارن سروس میں خدمات سرانجام دے رہی ہیں جبکہ ترجمان دفتر خارجہ کی ذمہ داریاں بھی ادا کر چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں میڈیا کے ساتھ تسلسل کے ساتھ رابطہ ضروری ہے۔ اگرچہ اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ اپنی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران مختلف امور پر پاکستان کے موقف سے آگاہ کرتے ہیں میں کوشش کروں گی کہ جلد مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی میڈیا کیساتھ بریفنگ کا اہتمام کروں تاکہ مختلف اہم امور کے حوالے سے پاکستان کا موقف سامنے آ سکے۔ انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے کہا کہ وہ کسی بھی مسئلے پر آگاہی کیلئے ہر وقت موجود ہیں۔ اس موقع پر صحافیوں کے لئے پرتکلف چائے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ چائے کے دوران بھی صحافیوں نے سیکرٹری خارجہ سے گفتگو کی اور انہیں اپنی تجاویز سے آگاہ کیا۔