فزان شاہ نواز اور ابرار کیانی نے شاہ نواز میرج ہال میں یوم پاکستان کے حوالے سے موسیقی کا پروگرام آرگنائز کیا۔
سفارتخانہ پاکستان کے افسران اور کمیونٹی کی بھرپور شرکت۔ پیرس (صاحبزادہ عتیق سے ) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں یوم پاکستان کی مناسبت سے تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستانی کمیونٹی کی سماجی شخصیات افزان شاہ نواز اور ابرار کیانی نے موسیقی کی ایک تقریب کا اہتمام کیا۔ نظامت کے فرائض بزرگ شخصیت شمسی صاحب نے ادا کئے۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے سے کیا گیا۔ قومی ترانے کے احترام میں پورا ہال کھڑا ہوگیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ہیڈ آف مشن پاکستان ایمبیسی فرانس امجد عزیز قاضی نے کہا کہ بہت خوش آئند بات ہے کہ دیار غیر میں پاکستانی کمیونٹی اپنے قومی دنوں کو یاد بھی رکھتی ہے اور شایان شان طریقے سے مناتی بھی ہے ، میں آپ لوگوں کے جذبہ حب الوطنی کو سلام پیش کرتا ہوں۔ پروگرام کا آغاز فرانس میں مقیم پاکستانی گلوکاروں نے کیا۔ جس کے بعد انگلینڈ سے آئے ہوئے گروپ بونافائیڈ اور پاکستان سے آئے ہوئے معروف گلوکار بلال سعید نے اپنی خوبصورت آواز کا جادو جگایا۔ اور ماحول کو گرما دیا۔ آرگنائزر افزان نواز ، عمران نواز اور ابرار کیانی کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ پاکستانی فیمیلیز کو اچھی اور صحتمندانہ تفریح مہیا کریں۔ اور پاکستانی قومی دنوں کے حوالے سے ہمیشہ کی طرح ایسے پروگراموں کا انعقاد کرتے رہیں گے۔ ہمارا مقصد پاکستانی ثقافت اور موسیقی کو فرانس میں پروموٹ کرنا ہے۔ اور صاف ستھرے ماحول میں فیمیلیز کو تفریح کے مواقع مہیا کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہےکہ پیرس میں پاکستانی کمیونٹی کو ایک فورم پر یکجا کیا جائے اور انہیں صحت مندانہ تفریح مہیا کی جائے تاکہ وہ دیار غیر میں اپنی تہزیب اور ثقافت کے رنگوں سے لطف اندوز ہوسکیں ۔