شام: مشرقی غوطہ سے باغیوں کے پانچویں گروپ کا انخلاء مکمل
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کے مطابق غوطہ شرقی کے مختلف علاقوں منجملہ عربین، عین ترما، جوبر اور زملکا سے شام کی ہلال احمر کی زیرنگرانی 1374 باغیوں پر مشتمل پانچواں ٹولہ اپنے گھرانوں کے ساتھ 89 بسوں کے ذریعے عربین کے راستے سے شمالی شام میں ادلب کی جانب چلا گیا ہے۔شامی فوج نے گذشتہ دو دن کے دوران عربین میں قیدی بنائے جانے والے28 باغیوں کو بھی رہا کر دیا ہے۔ شام کی خبر رساں ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ غوطہ شرقی کے مختلف علاقوں منجملہ عربین۔ عین ترما، جوبر اور زملکا سے تمام باغیوں کے گھرانوں کے ساتھ انخلا تک دہشت گردوں کی منتقلی کا سلسلہ جاری رہے گا۔روس کی وزارت دفاع نے بھی اعلان کیا ہے کہ منگل کے روز بھی، ا102، بسوں کے ذریعے مسلح عناصر اور ان کے گھرانوں پر مشتمل 6432 افراد کو حی جوبر، عربین، زملکا اور عین ترما سے نکالا گیا جبکہ دوما سے شہریوں کے انخلا کے لئے الوافدین گذرگاہ کا استعمال کیا جا رہا ہے۔غوطہ شرقی سے دہشت گردوں کے انخلا کا عمل گذشتہ جمعرات سے جاری ہے۔