پاکستان،آسٹریا کی دوطرفہ سیاسی مشاورت کے چوتھے مرحلہ میں تعاون کیلئے مختلف شعبوں کی نشاندہی

پاکستان اور آسٹریا کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کاچوتھا دور آج ویانا میں منعقد ہوا۔ یورپ کے لئے ایڈیشنل سیکرٹری ظہیر اے جنجوعہ کےپاکستانی وفد جبکہ وفاقی وزارت آف یورپ کے ایشیائی ڈویژن اور جمہوریہ آسٹریا کی خارجہ امور کی سربراہGabriele Meon Tschurtz نے اپنے وفد کی قیادت کی۔
فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلووں کاجائزہ لیا اور سیاسی، معاشی ،تجارتی ،سرمایہ کاری ،تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں مزید تعاون کے پہلووں کی نشاندہی کی۔ایڈیشنل سیکرٹری نے جمہوریت کے استحکام اور انسانی حقوق کی ترقی کے حوالے سے پاکستان کی طرف سے کی گئی پیشرفت ، اس کی ابھرتی ہوئی معیشت اور مستقبل میں ترقی کے امکانات پرروشنی ڈالی۔
انہوں نے آسٹریا کی کمپنیوں کوخصوصاً توانائی اطلاعات اور مواصلاتی ٹیکنالوجی، تیل اور گیس، پانی، ٹھوس فضلے کو ٹھکانے لگانے، سیاحت اورزراعت کے شعبوں میں پاکستان کی سازگار پالیسیوں سے استفادہ کرنے کی دعوت دی۔ ظہیر اے جنجوعہ نے آسٹریا کےوفد کو جنوبی ایشیا کی صورتحال خصوصاً بھارتی جارحیت اور پاکستان کے ردعمل کے بارے میں بریفنگ دی۔
آسٹریا کے وفد نے کشیدہ صورتحال کےخاتمے کےلئے پاکستان کی طرف سے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بگڑتے ہوئے حالات کے تناظر میں ایڈیشنل سیکرٹری نےا ٓسٹریا پر زوردیا کہ وہ ان خلاف ورزیوں کےخلاف آواز اٹھائے جن کی انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن کی رپورٹ سمیت مختلف عالمی رپورٹوں میں نشاندہی کی گئی ہے۔
ایڈیشنل سیکرٹری نے امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات سمیت افغانستان میں امن مفاہمت کےلئے پاکستان کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔ آسٹریا کےوفد نے افغان امن عمل میں پاکستان کے تعمیری کردار کےلئے حمایت کااظہار کیا۔ پاکستان اور آسٹریا کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا اگلا دور آئندہ سال اسلام آباد میں ہوگا جس کے لئے باہمی مشاورت سے تاریخوں کا تعین کیا جائے گا۔