چوتھا ون ڈے: آسٹریلیا نے پاکستان کو چھ رنز سے شکست دیدی

عابد علی اور محمد رضوان کی سنچریاں بھی پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے چوتھے ایک روزہ میچ میں شکست سے نہ بچا سکیں۔ آسٹریلیا نے پاکستان کو چھ رنز سے ہراکر پانچ میچوں کی سیریز میں چار صفر کی واضع برتری حاصل کرلی۔ پانچ میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے چوتھے ایک روزہ میچ کا ٹاس پاکستان کے قائم مقام کپتان عماد وسیم نے جیتا اور آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ کینگروز نے مقررہ پچاس اوورز میں 277 رنز سات وکٹ کے نقصان پر بنائے۔ آل راؤنڈر گلین مکس ویل دو رنز کی کمی سے اپنے کیریئر کی دوسری سنچری مکمل نہ کر سکے اور 98 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔ اوپنر عثمان خواجہ نے باسٹھ اور وکٹ کیپر ایلکس کیری نے پچپن رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے محمد حسنین، عماد وسیم اور یاسر شاہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کو 278 رنز کے تعاقب میں پہلا نقصان صفر پر شان مسعود کا اٹھانا پڑا۔ حارث سہیل اور عابد علی نے دوسری وکٹ پر 74 رنز بناکر سنبھالا دیا۔ جس کے بعد چھوٹی چھوٹی پارٹنر شپس پاکستان کو فتح کے قریب لے آئیں۔