جرمنی نے سعودی عرب کو اسلحے کی فراہمی پر پابندی میں مزید چھ ماہ کی توسیع کردی

جرمن حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ سعودی عرب کو مزید چھ ماہ تک اسلحہ فروخت نہیں کیا جائے گا، مروجہ پابندی میں توسیع کردی گئی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جرمن حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ رواں سال 30 ستمبر تک سعودی عرب جرمن اسلحے کو درآمد نہیں کرسکے گا، اس توسیع کے بعد ہی فروخت کے بارے میں سوچا جائے گا۔ جرمن چانسلر انجیلا مرکل کے ترجمان اسٹیفان زائبرٹ کا کہنا ہے کہ مذکورہ پابندی میں توسیع کے دوران ریاض کو اسلحہ برآمد کرنے کے حوالے سے کوئی بھی درخواست منظور نہیں کی جائے گی۔ جرمن چانسلر کی صدارت میں گذشتہ روز کابینہ کا اجلاس ہوا تھا جس میں جمال خاشقجی کے قتل سمیت سعودی عرب پر اسلحے کی پابندی پر تبادلہ خیال ہوا۔ اجلاس کے دوران ہی متفقہ طور پر اجلاس میں شریک رہنماؤں نے سعودی عرب پر عائد پابندی میں توسیع کا فیصلہ کیا۔