حضرت مادھو لعل حسینؒ کے عرس کی تقریبات کا آغاز

لاہور شہر کے باغبانپورہ شالیمار کے علاقے میں حضرت سخی مادھو لعل حسین رحمت اللہ علیہ کا چار سو بتیس واں سالانہ عرس شروع ہوگیا، جو تین روز تک جاری رہے گا جسے لاہوری میلہ چراغاں کے نام سے بھی جانتے ہیں۔ ملک بھر سے زائرین کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا، محکمہ اوقاف نے زائرین کی سہولت اور دربار پر آنے والے عقیدت مندوں کے لیے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔ زائرین کے لیے لنگر کا بھی وسیع انتظام کیا گیا، دربار کے اندرونی اور داخلی راستوں پر پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ حضرت مادھو لعل حسین شاہ کے عرس کے موقع پر میلہ چراغاں پنجاب کی ثقافت کا انمٹ حصہ بن چکا ہے جو بسنت کے بعد دوسرا ثقافتی میلہ ہے جہاں لوگوں کی کثیر تعداد جمع ہو تی ہے۔ تین روز تک جاری رہنے والی عرس کی تقریبات کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں اور مزار کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ حضرت مادھو لعل حسین شاہ کا مزار شالیمار باغ کے قریب باغبانپورہ میں واقع ہے اور صدر ایوب کے دور سے قبل عرس کی تقریبات شالیمار باغ میں ہی ادا کی جاتی تھی لیکن صدر ایوب نے شالیمار باغ میں کسی بھی قسم کی تقریبات پر پابندی کے بعد سے عرس مزار کے احاطے میں منایا جاتا ہے۔