وفاقی حکومت اپنے اہم منصوبوں ''احساس'' اور''صحت انصاف کارڈ'' کو سندھ تک توسیع دے گی

وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیاہے کہ وفاقی حکومت معاشرے کے محروم طبقات کی فلاح وبہبود کے لئے اپنے اہم منصوبوں ''احساس'' اور''صحت انصاف کارڈ'' کے دائرہ کار کو سندھ تک توسیع دے گی۔انہوں نے یہ بات کراچی میں گورنرسندھ کی طر ف سے اپنے اعزازمیں دیئے گئے عشائیے میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہی۔عشائیے میں دوسروں کے علاوہ سندھ سے پاکستان تحریک انصا ف کے ارکانِ قومی وصوبائی اسمبلی نے بھی شرکت کی۔وزیراعظم نے کہاکہ وفاقی حکومت سندھ میں ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل کے لئے وسائل مہیا کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کو بدحال معیشت ورثے میں ملی، تاہم اب صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ ارکان اسمبلی کو اپنے حلقوں میں عوام کے ساتھ روابط مضبوط بنانے چاہئیں۔عمران خان نے کہاکہ حکومت عوام کی سہولت کے لئے ہرشعبے میں اصلاحات کررہی ہے کیونکہ عوام کی فلاح وبہبود خصوصاً انہیں صحت اورتعلیم کی سہولیات فراہم کرناحکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے