حکومت امیر اور غریب کے درمیان فرق کم کرناچاہتی ہے:وزیرفوادچوہدری

اطلاعات ونشریات کے وزیرفوادچوہدری نے کہاہے کہ حکومت امیر اور غریب کے درمیان فرق کم کرناچاہتی ہے اوراس سلسلے میں قانون سازی کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں۔انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ احتساب کاعمل اپنے منطقی انجام تک جاری رہناچاہیے کیونکہ یہ قوم کی خواہش ہے اور وہ اسی مقصد کے لئے تحریک انصاف کو اقتدار میں لائی ہے۔انہوں نے کہاکہ ایک بین الاقوامی تنظیم کی طرف سے کرائے گئے حالیہ سروے کے مطابق وزیراعظم عمران خان ملک کے مقبول ترین سیاسی رہنماہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ عدالتیں میرٹ پرفیصلے کررہی ہیں اور حکومت ان کے فیصلوں کااحترام کرتی ہے۔فوادچوہدری نے کہاکہ حکومت ملکی معیشت کے استحکام کے لئے کوشاں ہے جو گزشتہ حکومتوں کے اقدامات کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئی۔