بھارتی فوج کے سابق جنرل کی پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی بہترین حکمت عملی کی تعریف

بھارتی فوج کے ایک سابق جنرل ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل سیدعطاء حسنین نے جدیدجنگی حربوں اورمہارت کے شعبے میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی بہترین حکمت عملی کی تعریف کی ہے۔انہوں نے لندن میں سٹریٹجک علوم کے بین الاقوامی ادارے کے زیراہتمام ایک سیمینار میں اظہارخیال کرتے ہوئے اعتراف کیاکہ پاک فوج کے اس شعبے نے اطلاعات کی جنگ میں بھارتی فوج کومکمل طورپر مات دیدی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے اطلاعات کی جنگ میں جس حکمت عملی کامظاہرہ کیاہے وہ انتہائی قابل تعریف ہے اور پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے ملک کے لئے بہترین پیشہ ورانہ خدمات انجام دی ہیں۔سابق بھارتی جنرل مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی پندرہویں کورکے جنرل آفیسر کمانڈنگ کے طورپربھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آئی ایس پی آرنے بھارتی فوج اور کشمیریوں کے درمیان بڑھتی ہوئی اجنبیت اور خلیج کو یقینی بنانے میں شاندارکرداراداکیا۔انہوں نے مقبوضہ کشمیرمیں پلوامہ حملے کاذمہ داربھارتیہ جنتاپارٹی کی حکومت کو قراردیتے ہوئے کہاکہ وہ اس حقیقت سے آگاہ تھے کہ بھارتی حکومت میں تنازعات کے حل کی سمجھ بوجھ کے فقدان کے باعث پلوامہ حملے جیساواقعہ رونما ہوسکتاہے۔ریٹائرڈلیفٹیننٹ جنرل عطا حسنین نے کہاکہ بھارتی فوج نے گزشتہ تیس سال میں کئی تذویراتی غلطیاں کی ہیں لیکن فوجی کارروائیوں کونفسیاتی جنگ کے طورپراستعمال کرنا اُس کی فاش غلطی تھی۔تنازعہ کشمیرکے حوالے سے سابق بھارتی فوجی جنرل نے کہاکہ یہ مسئلہ طاقت کے استعمال سے حل نہیں کیاجاسکتااوربھارت کوبالآخرمقبوضہ کشمیرمیں طاقت کے وحشیانہ استعمال کی پالیسی ترک کرناہوگی۔