یمنی حوثی ملیشیا کا اسلحہ سرکاری فوج کے قبضے میں

یمن میں فِفتھ ملٹری زون کے میڈیا سینٹر نے یوٹیوب پر ایک وڈیو کلپ جاری کیا ہے۔ وڈیو میں یمنی فوج کے ہاتھ آنے والا اسلحہ دکھایا گیا ہے جو علاقے میں حوثی ملیشیا کے ساتھ معرکے کے بعد قبضے میں آیا۔ ادھر مختلف وڈیوز میں یمن میں عرب اتحاد کی کارروائیوں کو دکھایا گیا ہے۔ ان کارروائیوں کے دوران حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ جمعرات کے روز یمنی فوج نے حجہ صوبے کے مغربی ضلع عبس کو ایران نواز حوثی ملیشیا کے قبضے سے آزاد کرانے کے لیے ایک وسیع آپریشن کا آغاز کیا۔ آپریشن میں یمنی فوج کو عرب اتحاد کی معاونت بھی حاصل ہے۔ آپریشن کے ابتدائی چند گھنٹوں کے دوران ہی یمنی فوج نے عبس ضلع میں وسیع علاقے کو آزاد کرا لیا جو جنوب کی جانب سے حیران ضلع کے متوازی واقع ہیں۔ ان میں اہم ترین مقامات میں الطواہر، الاباکرہ، الخادمہ، بنی الاکوع اور بنی کدیش کے دیہات شامل ہیں۔