ٹرمپ نے آئندہ ہفتے میکسیکو کی سرحد پر بند کرنے کی دھمکی دے دی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ جنوبی سرحد سے غیر قانونی تارکین وطن کی آمد کا سلسلہ اور سرحد کے آر پار غیرقانونی تجارت بند نہ ہوئی تو وہ آئندہ ہفتے 'میکسیکو' کی سرحد بند کر دیں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے 'ٹویٹر' پر اپنے ایک پیغام میں کہا: 'اگر رکاوٹیں پیدا کرنے پر تلے ہوئے ڈیموکریٹس نے دیوار کی تعمیر کی تکمیل کے لیے مالی وسائل مہیا نہ کیے اور وہ مضحکہ خیز امیگریشن قوانین بھی تبدیل نہ کیے جن کا خمیازہ ہمارے ملک کو بھگتنا پڑ رہا ہے، تو ہم اپنی جنوبی سرحد کو قطعی طور پر بند کر دینے پر مجبور ہو جائیں گے۔' اس کے جواب میں ڈونلڈ ٹرمپ، جنہوں نے بہت سخت گیر امیگریشن پالیسی کو ہی اپنے دور صدارت کا محور بنائے رکھنے کا تہیہ کیا ہوا ہے، بضد ہیں کہ کانگریس نے انہیں پانچ بلین ڈالر نہ دیے، تو وہ اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے وہ فنڈز بھی جاری نہیں کریں گے، جو امریکا کی وفاقی حکومت کی معمول کی کارکردگی کے لیے ناگزیر ہیں۔ اس سے قبل اسی دیوار کی تعمیر کے حوالے سے صدر ٹرمپ نے نومبر میں بھی واضح کر دیا تھا، "اگر معاملات یہاں تک خراب ہو گئے کہ حالات ہمارے قابو سے نکل جانے کا خطرہ ہو اور لوگ زخمی ہونا شروع ہو جائیں، تو ہم میکسیکو کے ساتھ اپنی پوری سرحد ہی بند کر دیں گے"۔