وزیراعظم عمران خان نے کراچی کیلئے 162 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کردیا

کراچی: وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے لیے 162 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کردیا۔ کراچی کے گورنر ہاؤس میں کراچی ٹرانسفارمیشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے شہر کے لیے پیکیج کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ پیکیج اپنے وسائل اور پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ سے تیار کیا ہے، پیکیج میں 18 منصوبے ہیں جس میں سے پبلک ٹرانسپورٹ کے 10 اور واٹر سیوریج کے 7 منصوبے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پینے کے پانی کے منصوبے کے فور میں جو مسائل ہیں وہ ہم سب جانتے ہیں، کراچی میں پانی کے پراجیکٹ کے لیے شہر کو پانی بچانے کیلئے پوری مہم چلانا پڑے گی، کبھی پاکستان میں پانی بچانے کی کوئی مہم نہیں چلی۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ کراچی کی ذمہ داری سندھ حکومت کی ہے لیکن سندھ حکومت اندرونِ سندھ سے کامیاب ہوتی ہے، انہوں نے جو کراچی کے ساتھ سلوک کیا وہ سب کے سامنے ہے۔