نہتے شہریوں کے خلاف وحشیانہ طاقت کا استعمال بھارت کیلئے شرمناک ہے: سردار مسعود خان

آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کشمیری نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے نصب العین کے بارے میں بدستور واضح موقف پر قائم رہیں جو کہ خودارادیت ہے۔
انہوں نے ہفتے کے روز اسلام آباد میں جموں و کشمیر سیل میں آل آزاد جموں و کشمیر بین الجامعہ تقریری مقابلے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی افواج گزشتہ 71 برسوں سے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کا ارتکاب کررہی ہے۔صدر نے کہا کہ نہتے شہریوں کے خلاف وحشیانہ طاقت کا استعمال بھارت کیلئے شرمناک ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی بنیاد پرستوں نے پلوامہ حملے کے بعد بھارت میں مقیم مسلمانوں خاص طور سے کشمیریوں کو نشانہ بنایا ہے اور ان پر حملے کیے ہیں۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے کشمیریوں کی نسل کشی کا نوٹس لے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ تعطل کے بارے میں صدر نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے بھارتی جارحیت کاردعمل ذمہ دارانہ اور منہ توڑ تھا۔صدر مسعود خان نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں کو نظربند کرنے اور جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ اور جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر پر پابندی لگانے پر بھارت کی مذمت کی۔