ریاست کو کسی طور پر بلیک میل نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی حکومت آئین پر کوئی سمجھوتہ کرے گی :شہریار آفریدی

داخلہ امور کے وزیر مملکت شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ کراچی میں امن بحال کردیاگیا ہے اورکوئی بھی دوبارہ بد نظمی پیدا نہیں کرسکتا۔
ہفتے کے روز کراچی میں سندھ رینجرز کی 26ویں پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی اور سندھ بھر میں امن بحال کرنے میں رینجرز نے اہم کردار ادا کیا ہے۔شہریار آفریدی نے کہا کہ شہر میں پاکستان سپر لیگ کے میچوں کے انعقاد سمیت بعض حالیہ عالمی تقاریب کے انعقاد میں سندھ رینجرز کا کردار بھی انتہائی قابل تعریف ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ رینجرز نے پانچ سال میں تقریبا سولہ ہزار کارروائیاں کیں اور بارہ ہزار سے زائد دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا۔
وزیر مملکت نے کہا کہ ریاست کو کسی طور پر بلیک میل نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی حکومت آئین پر کوئی سمجھوتہ کرے گی۔شہریار آفریدی نے جرائم پیشہ افراد اور ریاست مخالف عناصر کو خبردار کیا کہ وہ اپنی مذموم کارروائیاں ترک کردیں۔
شہریار آفریدی نے کہا کہ امن کیلئے ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں اور قربانیاں ہمیں ایسے مقام پر لے آئی ہیں جہاں دنیا نے ہمارے موقف کو سمجھا اور اسے قدر کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے۔واضح رہے کہ اس بیج میں981کیڈٹس نے پاس آوٹ کیا۔