سندھ حکومت نے مستحق خاندانوں کو رقوم فراہم کرنے کا طریقہ کار جاری کر دیا
حکومت سندھ نے کرونا وائرس کی صورت حال میں مستحق خاندانوں کو رقوم فراہم کرنے کا طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے مستحق خاندانوں کو رقوم فراہمی کے طریقہ کار کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، سندھ حکومت نے مستحق خاندانوں کے لیے موبائل رجسٹریشن سسٹم لانے کا فیصلہ کیا تھا۔اس طریقہ کار کے تحت ضرورت مند خاندان کے ایک فرد کو موبائل رجسٹریشن سسٹم کے ذریعے رجسٹر کیا جائے گا، شناختی کارڈ کے ذریعے خاندان کو رجسٹر کر کے رقم دی جائے گی، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ رقوم کی ادائیگی کے لیے نجی موبائل کمپنی کی کیش ایپ استعمال کی جائے گی۔اس سلسلے میں نادرا، اسٹیٹ بینک، ایف بی آر، ایف آئی اے سے خاندانوں کا ڈیٹا حاصل کیا جائے گا، اگر کسی شخص کے اکاؤنٹ میں 10 ہزار سے زائد رقم ہوئی تو وہ مستحق نہیں قرار پائے گا۔ حج، عمرہ کے علاوہ بیرون ملک سفر کی تفصیلات بھی حاصل کی جائیں گی۔