وزیراعظم عمران خان آج ایک بڑااعلان کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان ملک بھرمیں راشن کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لئے آج ایک جامع لائحہ عمل کااعلان کریں گے۔اطلاعات ونشریات کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے یہ بات اسلام آباد میں تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے اجلاس کے بارے میں صحافیوں کوبریفنگ دیتے ہوئے کہی جس کی صدارت وزیراعظم نے کی۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے ملک بھرکے مستحق غریب خاندانوں کو ان کی دہلیز پرراشن اور خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے اپنے عزم کااعادہ کیا۔معاون خصوصی نے کہاکہ کوروناوائرس کے پھیلائوکوروکنے کے لئے جاری لاک ڈائون کی وجہ سے قومی معیشت متاثرہورہی ہے اوراشیائے ضروریہ کی فراہمی میں خلل آرہاہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے قومی غذائی تحفظ کے وزیرکوہدایت کی ہے کہ وہ آٹے سمیت اشیائے خوردونوش کی دستیابی یقینی بنائیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ملک میں روزمرہ کے استعمال کی اشیاء کی کوئی قلت نہیں اور کمیٹی نے ذخیرہ اندوزوں اورمنافع خوروں سے آ ہنی ہاتھوں سے نمٹنے کاعزم ظاہرکیاہے۔