سپریم کورٹ کا الیکشن سے متعلق کیس میں بینچ ٹوٹ گیا۔

دو صوبوں میں الیکشن سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ کا بینچ ٹوٹ گیا۔ سپریم کورٹ میں 3 روز سے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت جاری تھی، تاہم آج الیکشن سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ کا بینچ ٹوٹ گیا ہے۔سپریم کورٹ کے 5 رکنی لارجر بینچ کے رکن جسٹس امین الدین بینچ سے الگ ہو گٸے ہیں۔پنجاب اور خیبر پختون خوا کے انتخابات میں التوا کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 5 رکنی لارجر بینچ سماعت کررہا تھا۔لارجر بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس امین الدین خان اور جسٹس جمال خان مندوخیل بھی شامل تھے۔آج جب سپریم کورٹ میں انتخابات ملتوی فیصلے کیخلاف درخواست پر سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے کہا کہ جسٹس امین الدین خان کچھ کہنا چاہتے ہیں۔جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ گزشتہ روزفیصلے کے بعد بینچ کارروائی جاری رکھنا چاہتا ہے، میں اس کیس میں مزید سماعت میں بیٹھ نہیں سکتا۔جسٹس امین الدین خان نے بنچ کی سماعت سے انکارکردیا اور ان کے انکار کے بعد بینچ ٹوٹ گیا، اب چیف جسٹس عمر عطا بندیال نیا بینچ تشکیل دیں گے اور کیس کی سماعت نیا بینچ کرے گا۔