سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کا بھیس بدل کر مختلف ہسپتالوں کا دورہ

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سینئیر صوبائی مریم اورنگزیب عام شہری بن گئیں، بھیس بدل کر جناح ہسپتال اور لاہور چلڈرن ہاسپٹل کے دورے کیے۔ مریم اورنگزیب عام شہری کی طرح ہسپتال کے مختلف کاونٹرز پر گئیں، وارڈز کا معائنہ، ادویات کی مفت فراہمی، صفائی کا جائزہ لیا ۔انہوں نے زیر علاج مریضوں کے لواحقین سے ادویات کی مفت فراہمی اور علاج کے بارے میں پوچھا ۔ مریضوں کے لواحقین کا جناح ہسپتال اور لاہور چلڈرن ہاسپٹل میں صفائی ستھرائی، علاج اور مفت ادویات کی فراہمی تک صورتحال میں نمایاں بہتری کا اعتراف کیا۔ تمام ادویات ہسپتال کی فارمیسی کے اندر سے مل رہی تھیں۔ مریم اورنگزیب نے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا ۔ مریم اورنگزیب ایم ایس آفس بھی گئیں، کارکردگی پر وزیراعلی کی طرف سے ایم ایس سمیت تمام ڈاکٹرز اور عملے کی تعریف کی ۔ خیال رہے کہ وزیر اعلی مریم نواز شریف نے عوامی شکایات پر 24 مارچ کو جناح ہسپتال لاہور کا اچانک دورہ کیا تھا اور بدانتظامی پر ایم ایس جناح ہسپتال کو معطل کر دیا تھا ۔ وزیر اعلی پنجاب نے مفت ادویات کی عدم فراہمی اور مریضوں کو باہر سے ادویات خرید کر لانے کی صورت حال پر سخت برہمی کا اظہار کیا تھا ۔ جس کے بعد وزیراعلی مریم نواز نے ہسپتالوں کی تمام فارمیسیز کے باہر سکرین آویزاں کرنے،سٹاک میں موجود ادویات کی تمام تفصیل عوام کو دکھانے، ہسپتال میں مفت دوائی کی فراہمی کے اعلانات کرنے اور ریسیپشن پر مریضوں کی آمد، علاج اور تعداد دکھانے کے احکامات دیئے تھے۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف کے جناح ہسپتال کے دورے کے 6 دن میں ان ہسپتالوں میں نمایاں بہتری آئی۔