وزیراعظم جمعہ کوہونے والے او آئی سی سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے سعودی عرب جائیں گے

وزیراعظم عمران خان اسلامی تعاون تنظیم کے 14ویں سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے سعودی عرب جائیں گے جوکل (جمعہ) مکہ میں ہورہا ہے۔یہ اجلاس تنظیم کے رکن ممالک کو عالم اسلام کو درپیش سیاسی، اقتصادی اور سکیورٹی امور سے متعلق تبادلہ خیال کا اہم پلیٹ فارم مہیا کرے گا۔ وزیراعظم اجلاس میں دیگر اہم معاملات کے علاوہ مسلم امہ میںیکجہتی اور اتحاد کی اہمیت اور مسلمانوں کے نصب العین پر خصوصی اظہار خیال کریں گے جن میں جموں و کشمیر، اسلام کے خلاف بڑھتی ہوئی شر انگیزیوں کے رجحان سے نمٹنا اور تعلیمی اور سائنسی معیار یقینی بنانا شامل ہیں۔پاکستان نے تنظیم کے بانی رکن کی حیثیت سے مسلمانوں کے نصب العین کو آگے بڑھانے اور تنظیم کو فعال بنانے کی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم نے قرار دادوں اور اعلامیوں کے ذریعے جموں و کشمیر کے بارے میں پاکستان کے اصولی موقف کی مسلسل حمایت کی ہے۔