ماضی کےحکمرانوں کا قوم پر لادا بوجھ اتار رہے ہیں، فردوس عاشق اعوان
وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا موروثی سیاست کے علمبرداروں کو تکلیف ہورہی ہے، موروثی سیاست کے علمبرداروں کو تکلیف ہے کہ عمران خان نے پاکستانیوں کو دو خاندانوں کے آمرانہ راج سے آزاد کیوں کرایا؟ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا ماضی کےحکمرانوں کا قوم پر لادا بوجھ اتار رہے ہیں، مشکل فیصلوں کے نتیجے میں معیشت بہتری کی طرف بڑھ رہی ہے، ریکارڈ تعداد میں قرضوں کی ادائیگیوں اورتجارتی خسارہ 8 فیصد کم ہوا ، ترسیلات زر میں 9 فیصد اضافہ ہواہے۔ ایک اور ٹوئٹ میں وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا موروثی سیاست کےعلمبرداروں نے میثاق جمہوریت کے نام پر اولادکی باریوں کاشیڈول طےکیا، عوام نےجعلی مینڈیٹ کےخلاف حقیقی مینڈیٹ دے کر منصوبہ ناکام کردیا۔ گذشتہ روز فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہے، معیشت کو استحکام کی سمت گامزن دیکھ کر اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ ہم سابق حکومت کے معیشت کو دیے زخموں پرمرہم رکھ رہے ہیں، معیشت کو گرداب سے نکالنے اور ترقی کی راہ پرگامزن کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ سابق حکمرانوں کی لوٹ مار کی وجہ سے معیشت کا بیڑا غرق ہوا۔