بزنس مین ابرار کیانی کا فرانسیسی اور ڈپلومیٹک کمیونٹی کے اعزاز میں افطار ڈنر

پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) پیرس کی معروف سماجی و کاروباری شخصیت ابرار کیانی اپنے دھیمے پن اور صلح جُو طبعیت کے باوصف پاکستانی کمیونٹی میں ہر دلعزیز ہیں۔ ابرار کیانی اور ان کے عزیز از جان دوست نوجوان بزنس مین شاہ نواز ریستوران کے مالک افزان نواز کا شمار ان پاکستانیوں میں ہوتا ہے کہ جو فرانسیسی کمیونٹی میں بھی بہترین اور قریبی تعلقات رکھتے ہیں۔ ہر سال رمضان المبارک میں ابرار کیانی اپنے ریستوران کیانی ریسٹورنٹ پر ایک گرینڈ افطار ڈنر کا اہتمام کرتے ہیں۔ اس روایتی اور بین الثقافتی ڈنر میں مختلف مذاہب اور کمیونٹیز کے لوگ مدعو کئے جاتے ہیں۔ اس سال بھی اس افطار ڈنر میں سفارتخانہ پاکستان کے اعلٰی افسران ، موریشیس کے فرانس میں سفیر، بولون شہر کے ڈپٹی مئر کے علاوہ بولون شہر کے مختلف عہدے داروں ، بزنس مینوں ،سماجی شخصیات اور دیرینہ دوستوں نے بھرپور شرکت کی۔ مہمانوں کا استقبال افزان شاہ نواز اور ابرار کیانی کے نوجوان سپوت توصیف کیانی نے گرم جوشی سے کیا۔ مہمانوں کی تواضع پر تکلف پاکستانی کھانوں سے کی گئی۔ اور خاص مہمانوں کو تخائف بھی دئے گئے۔