پنجاب میں صبح 9سے شام 5 بجےتک جزوی لاک ڈاؤن برقرار رہنےکاامکان
پنجاب میں صبح 9سے شام 5بجے تک جزوی لاک ڈاؤن برقرار رہنے کا امکان ہے ۔ سفارشات تیار کرلی گئیں ، کل باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اعلیٰ سطح حکومتی اجلاس میں پنجاب میں جزوی لاک ڈاؤن مزید برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔اس سلسلے میں سفارشات تیار کر لی گئی ہیں ۔ جس کے مطابق کاروباری سرگرمیاں صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رکھی جاسکیں گی، میڈیکل سٹورز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔بیکریز اور دودھ دہی کی دکانیں رات 8 بجے تک کھلی رہیں گی، تیار کی گئی سفارشات کی روشنی میں کل باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق آج شہر کی تمام مارکیٹس 21 مئی کے نوٹیفکیشن کے تحت صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی ۔ خیال رہے کہ اس سےقبل پنجاب حکومت نے تین دن کا سخت لاک ڈاؤن ختم کرنے کافیصلہ کیا تھا ،پنجاب حکومت نے جزوی لاک ڈاون میں 31 مئی تک توسیع کی تھی جس کے تحت پیر تا جمعرات کاروبار کیا جا سکے گا ، جمعہ ہفتہ اتوار چھٹی ہوگی۔صوبائی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بڑے شاپنگ مالز کے علاوہ تمام چھوٹی دکانیں کھول دی گئیں۔ پیر تا جمعرات صبح 8 بجے سے شام پانچ بجے تک کاروبار کیا جاسکے گا ۔ بڑے شاپنگ مالز ،تعلیمی ادارے ،ریسٹورنٹ بدستور بند رہیں گے ۔ ہوٹل،شادی ہالز، سینمااور عوامی اجتماعات پر پابندی ہو گی۔ کنسرٹس اور کھیلوں کی سرگرمیاں بھی نہیں ہوں گی۔ واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے ملک بھرمیں مارکیٹیں اور شاپنگ مالز ہفتے کے 7 دن کھولنے کا حکم دیا تھا،کورونا وائرس سے متعلق ازخودنوٹس کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کیا وبا نے حکومتوں سے وعدہ کر رکھا ہے وہ ہفتہ اور اتوار کو نہیں آئے گی؟ کیا حکومتیں ہفتہ اتوار کو تھک جاتی ہیں؟ کیا ہفتہ اور اتوار کو سورج مغرب سے نکلتا ہے؟یہ دو دن کاروبار بند رکھنے کا حکم آئین کی خلاف ورزی ہے۔ ہفتہ اور اتوار کو بھی ملک کی تمام چھوٹی مارکٹیں کھلی رکھی جائیں جب کہ تمام شاپنگ مالز کو 7 دنوں تک کھولا جائے۔