کرونا کی عالمگیر وبا نے دنیا بھر میں 60 لاکھ انسانوں کو لپیٹ میں لے لیا
کراچی: نئے وائرس کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا 213 ممالک کو لپیٹ میں لے چکی ہے، وبا میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 66 ہزار 890 ہو گئی ہے، وائرس سے اب تک 60 لاکھ 33 ہزار افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق انسانیت کے لیے انتہائی مہلک ثابت ہونے والی کرونا وبا سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں دنیا بھر میں 4 ہزار 872 افراد وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 1 لاکھ 25 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے، وائرس سے اب تک 26 لاکھ 61 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ کرونا وائرس سے امریکا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اموات 1 لاکھ سے بھی بڑھ گئی ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران امریکا میں 1,212 اموات ہوئیں، جس سے امریکا میں کرونا ہلاکتوں کی تعداد 104,542 ہو گئی ہے، جب کہ 17 لاکھ 93 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ امریکا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 25 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے۔ کو وِڈ نائنٹین سے متاثر 5 لاکھ 19 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، تاہم اب بھی 17 ہزار مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ امریکا میں نیویارک شہر سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 29,751 ہلاکتیں ہوئیں اور3 لاکھ 77 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے۔