نادرا دفاتر کے نئے اوقات کار جاری
کراچی: صوبہ سندھ میں نادرا دفاتر کے نئے اوقات کار جاری کردیے گئے، نادرا سینٹرز کے اوقات کار پیر سے جمعرات صبح 9 سے شام 5 بجے تک ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر کے نادرا دفاتر کے سوموار سے نئے اوقات جاری کر دیے گئے، نادرا ہیڈ کوارٹرز اور ریجنل ہیڈ آفسز پیر سے جمعرات تک صبح 10 بجے سے دوپہر 4 بجے تک کھلے رہیں گے۔ جمعے کو نادرا کے دفتری اوقات صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک ہوں گے، میگا سینٹر سمیت دیگر نادرا سینٹرز کے اوقات کار پیر سے جمعرات صبح 9 سے شام 5 بجے تک ہوں گے۔ نائیکوپ اور پی او سی (پاکستان اوریجن کارڈ) کے حامل شہری قطاروں سے بچنے کے لیے آن لائن رجسٹریشن سروس کا استعمال کر سکتے ہیں۔ نادرا سینٹرز آنے والے سائلین کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل لازمی قرار دیا گیا ہے، شہریوں کو سماجی دوری کو برقرار رکھنے کے طریقوں پر عمل کرنا لازم ہوگا، سائلین اور تصدیق کنندہ کو بھی چہرے کا ماسک لازمی پہننا ہوگا۔