سعودی عرب میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اہم فیصلہ
ریاض: سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کی فراہمی جاری رہے گی، حکومت تحفظ کے ساتھ اقتصادی سرگرمیوں میں توازن پیدا کرنا چاہتی ہے۔ سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزیر خزانہ و قائم مقام وزیر اقتصاد و منصوبہ بندی محمد الجدعان نے کہا ہے کہ معاشی سرگرمیوں کی مرحلہ وار بحالی کرونا بحران سے نمٹنے کی نئی منزل ہے۔ نئے اقدامات ملک کے سماجی و صحت کے حالات کو مستحکم بنانے کی اسکیم کا اہم حصہ ہیں۔ وزیر خزانہ نے ایک بیان میں کہا کہ نئے اقدامات کا فیصلہ وزارت صحت سمیت تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ یکجہتی پیدا کر کے کیا گیا ہے، حکومت سماجی حالات اور صحت کے تحفظ کے ساتھ اقتصادی سرگرمیوں میں توازن پیدا کرنا چاہتی ہے۔