شہباز شریف کا ایک دن میں کورونا سے اٹھہتر افراد کے جاں بحق ہونے پر تشویش کااظہار
صدر مسلم لیگ نون شہبازشریف نے ایک دن میں کورونا سے اٹھہتر افراد کے جاں بحق ہونے پر اظہار تعزیت اور تشویش کااظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں قائد حزب اختلاف نے کہا ہے کہ حکومتی ناسمجھی، غیردانشمندی اور عاقبت نااندیشی سے کورونا وبا اس رفتار سے پھیل رہی ہے ۔ کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز اور اموات پر قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ صدر مسلم لیگ نون کا کہنا ہے کہ ایک دن میں کورونا سے اٹھہتر افراد کا جاں بحق ہونا حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اموات کی بڑھتی تعداد ڈاکٹرز، ماہرین، تجزیہ نگاروں اور رہنماؤں کے خدشات کی تصدیق ہے ۔ حکومتی مجرمانہ لاپرواہی سے ڈاکٹرز اور سمجھ رکھنے والا ہر باشعور شخص گھبرایا ہوا ہے۔ شہبازشریف نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کا فوری اجلاس بلایا جائے، وفاق اور صوبے حالات کا ازسرنو جائزہ لے کر اقدامات کریں۔ بے حسی اور غفلت کا نتیجہ خدانخواستہ بڑی تباہی کی صورت نکلنے کو ہے، ہوش کے ناخن لئے جائیں