پی ٹی آئی اوورسیز کارکنان مایوسی کا شکار، وزیر اعظم عمران خان توجہ دیں۔ سینئر راہنما یاسر قدیر
پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) پارٹی قیادت و پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے اوورسیز پارٹی کارکنان کو مسلسل نظرانداز کرنے پر پارٹی چئیرمین و وزیر اعظم عمران خان سے فوری توجہ کی اپیل ، تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف یورپ کے سینئر رہنما و سابق مرکزی ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن یاسر قدیر نے ایک بیان میں کہا کہ اوورسیز پارٹی کارکن ہر مشکل وقت میں عمران خان اور پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے اور جب بھی عمران خان نے انہیں آواز دی اوورسیز پارٹی ورکرز نے ان کی آواز پر لبیک کہا چاہے وہ الیکشنز دوہزار تیرہ ہوں یا الیکشنز دو ہزار اٹھارہ ،ُ
ہزاروں اوورسیز پارٹی کارکنان ان انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کو سپورٹ کرنے پاکستان گئے اور ہر قسم کی جانی و مالی سپورٹ کی ، اس کے باوجود پی ٹی آئی حکومت کے دو سال ہونے کو ہیں نہ ہی پارٹی سطح پر اور نہ ہی حکومتی سطح پر کسی بھی پارٹی ورکر کو کوئی اہمیت دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی درپیش مسائل کے حوالے سے پی ٹی آئی کارکنان اور پارٹی تنظیموں سے بہت سی توقعات وابستہ کیے ھوئے ہیں لیکن نہ ہی پی ٹی آئی کی لوکل تنظیموں اور نہ ہی پرانے نظریاتی کارکنان کو حکومت و پارٹی کی جانب سے کسی قسم کی لفٹ کروائی جا رہی ہے جس کی وجہ سے وہ لوگوں کے مسائل حل کروانے میں ناکام ہیں اور انتہائی مایوسی کا شکار ہیں
یاسر قدیر نے پارٹی قیادت اور عمران خان سے اپیل کی کہ اوورسیز پارٹی تنظیموں اور پرانے نظریاتی ورکرز کو حکومت اور مرکزی پارٹی میں ذمہ داریاں دی جائیں تا کہ وہ اوورسیز میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے اپنا کردار ادا کر سکیں ۔