پاکستان کا اقوام متحدہ پرخطے میں کشیدگی کی روک تھام،مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے کردار ادا کرنے پر زور
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ خطے میں کسی بھی طرح کی کشیدگی کی روک تھام اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل میں اپنا کردار ادا کرے۔وزیر خارجہ نے پاکستان کی مسلسل سیاسی اور سفارتی کوششوں کے تحت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے دوبارہ رابطہ کیا اور انہیں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریز کو مقبوضہ کشمیر اور علاقائی امن و سلامتی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔انہوں نے خط میں عالمی برادری کی توجہ ''جموں و کشمیر کی تنظیم نو کے حکمنامہ 2020ء اور جموں و کشمیر اجرائے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ قوانین 2020ء کے حوالے سے نئے نوٹیفکیشن کی طرف مبذول کروائی جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا ہے۔واضح رہے کہ یہ اقدامات غیرقانونی ہیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور خصوصاً چوتھے جنیوا کنونشن کے حوالے سے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ موقع پرست بھارت نے کورونا وائرس کے تناظر میں مقبوضہ کشمیر میں فوجی لاک ڈاؤن مزید سخت کر دیا ہے۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے بھارت کے غیرقانونی تسلط اور مظالم کے خلاف کشمیریوں کی مقامی جدوجہد کو نقصان پہنچانے کی بھارتی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں دہشت گردی قرار دیا۔