کورونا وائرس کاپھیلاؤ روکنے کیلئے پرہجوم مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار
صحت کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفرمرزا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لئے پرہجوم مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے ہفتہ کی سہ پہر اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وباء سے متاثرہ مریضوں اور اموات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے تناظر میں حکومت کے پاس اس کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے کہ مساجد، بازاروں، خریداری کے مراکز، پبلک ٹرانسپورٹ اور دیگرپرہجوم مقامات پر ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دیا جائے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کریں۔ڈاکٹرظفرمرزا نے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا وائرس سے صحت کے عملے کے چار کارکنوں سمیت 78 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جو پاکستان میں ایک دن میں جاں بحق ہونے والوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں معالجین صف اول کے سپاہی ہیں اور حکومت نے ''وی کیئر'' پروگرام کے تحت معالجین کی صحت کے تحفظ کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں۔